اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمیں کسی کا کوئی اشارہ نہیں ملا، مشکل اور بڑے فیصلے سادہ ہیں، ہمیں پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھانی ہیں، کوئی کہے گا کہ مشکل فیصلے کرو، عوام کو ناراض کرو اور الیکشن میں چلے جائو، ہم جلد الیکشن کی طرف کیوں جائیں؟ وزیراعظم بھی فیصلہ کریں گے۔ اتحادیوں کے ساتھ کریں گے ہمیں کوئی اشارے نہیں آئے اور نہ ہمیں علم ہے۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کو پریشر میں رکھنے کے بجائے آرام سے کام کرنے دیا جائے، جب پریشر میں ہوں گے تو رکاوٹیں آئیں گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔ نجی چینلکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مسئلہ بنا ہوا ہے، عمران خان کہہ گئے 30 جون تک عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، میں نے ایک حل دیا ہے، عوام تو مہنگائی کی چکی میں پس چکے، قیمتیں نہیں بڑھائیں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ وفاق اور صوبے اٹھائیں گے۔ سابق حکومت بدترین مالی خسارہ چھوڑ کر گئی ہے، یہ آنے والا بجٹ خسارہ ہو گا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ہمارے قرضے بھی بڑھ جاتے ہیں۔ لگژری آئٹمز پر پابندی لگانا ایک اچھا فیصلہ ہے، ڈالر 200روپے کا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ پہلے بھی کہتا رہا روپے کی قدر کو نہیں گرنا چاہیے، روپے کو فری فال چھوڑا، روپے کو فری فال چھوڑنے پر چار ہزار ارب قرضوں کا بوجھ بڑھا، چار سال کی معاشی تباہی ایک ماہ میں تو ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد پابندیوں کے باوجود ہم نے معاشی حالات کو بہتر کیا تھا، حالات کو بہترکرنے کے لیے وقت چاہیے ہوتا ہے۔ یہ صرف (ن) لیگ نہیں 11 پارٹیوں کی اتحادی حکومت ہے، حکومت کومدت پوری کرنی چاہیے، میڈیکل ایشوز ہے جب علاج مکمل ہوگا تب واپس آؤں گا، پہلے میرا پاسپورٹ کینسل کیا گیا چند دن پہلے پاسپورٹ ملا ہے۔
پٹرول، بجلی کی قیمتیں بڑھانی ہیں، کائرہ: ایسا نہیں کریں گے، اسحاق ڈار
May 20, 2022