اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر ''نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے'' کا عنوان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر ملک بھر میں یوم تکبیر قومی جذبے سے منایا جائے۔ یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 28 مئی کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر یوم تکبیر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ یوم تکبیر کیلئے خصوصی نشریات، پروگرامز اور تحریروں کے اہتمام سے اس قومی دن کی تقریبات میں اپنا حصہ ڈالیں۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف آج قوم سے خطاب کریں گے۔ قوم سے خطاب کے نکات پر مشاورت کی گئی۔ خیال رہے کہ 11 اپریل کو حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے یہ پہلا خطاب ہوگا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف سے وکلا رہنماؤں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف بھی موجود تھے۔ وکلا رہنماؤں کے وفد میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون، سربراہ پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمن، صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اکبر ڈوگر، سربراہ پنجاب بار کونسل جعفر طیار، سربراہ اسلام آباد بار کونسل قمر سبزواری، سید قلب حسن، امجد شاہ، مسعود چشتی، عابد ساقی اور دیگر شامل تھے۔ وزیر اعظم نے وکلا برادری کے سینئر منتخب رہنماؤں کے حکومت پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وکلا ملک کا عظیم اثاثہ ہیں۔ حکومت پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیر اعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی وکلا پروٹیکشن ایکٹ اور بار کونسل ایکٹ میں ترامیم پر فوری کام شروع کیا جائے۔ رہنمائوں نے کہا وکلاء برادری جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے امور خارجہ کے سکیورٹی کمشنر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کراچی میں دہشت گر د حملے کی ایک بار پھر شدید مذمت کی اور حملے میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے بہت بڑا منصوبہ ہے۔ پاکستان میں چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اقدامات کئے ہیں۔ ملاقات میں چینی سکیورٹی کمشنر نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم سے وکلا کی ملاقات ، آج قوم سے خطاب : یوم تکبیر کی 10روزہ تقریبات کا فیصلہ
May 20, 2022