اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یو نیورسٹی میں پانی کی شدید کمی ،چار روز سے بین الاقوامی اسلامی یو نیورسٹی میں پا نی کی شدید قلت کی وجہ سے ہاسٹلز میں مقیم طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ،طلبا بروقت اپنی کلاسوں میں نہیں پہنچ پاتے اور بعض طلبا تو بغیر منہ دھوئے کلاسوں میں جا نے پر مجبور ہیں ، طلبا کا کہنا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کے خلاف طلبا مسلسل دو روز سے احتجاج کررہے ہیں۔ مگر انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے،طلبا اپنی مددآپ کے تحت پانی کے ٹینکرز منگوا کر اپنی ضرورت پوری کر رہے ہیں،طلبا کا کہنا ہے کہ انتطامیہ کی طرف سے اگر مسئلے کو حل نہ کیا گیا اور پانی کی فراہمی کا سلسلہ شروع نہ ہوا تو ایڈمن بلاک اور صدر جامعہ و ریکٹر آفسز کا گھیرائو کیا جائے گا۔ اسلامی جمیعت طلبا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت واٹر ٹینکر کے ذریعے طلبا کی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری اسلامی جمیعت طلبا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے بتایا پانی کی عدم دستیابی ایک سنگین نوعیت کا مسئلہ ہے مگر انتظامیہ اپنی ڈھٹائی پر اتر آئی ہے۔یونیورسٹی کے ترجمان ناصر فرید نے ’’نوائے وقت‘‘کو بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ زیر زمین پانی کی سطح نیچے ہو جانے کی وجہ سے پانی کی قلت کا سامنا ہے اور یو نیورسٹی انتظامیہ اسے ٹینکرز اور دوسرے ذرائع سے پورا کر نے کی کوشش کر رہی ہے تاہم نماز کے اوقات میں ہاسٹلز میں وضو کے لیے پانی فراہم کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ یو نویرسٹی انتظامیہ پا نی کی کمی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کر نے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔