راولپنڈی(جنرل رپورٹر) سرکار ی سکولوں کے اساتذہ تنظیموں کے رہنماؤں نے تعلیمی بورڈ کے ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ایک سنٹر کاپرچہ آؤ ٹ ہونے کا ملبہ لاکھوں طلبہ پر نہ ڈالے اگر دوبارہ پیپرز لینے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہم امتحانات لینے کا مکمل بائیکاٹ کریں گے،ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کی اساتذہ تنظیموں کے قائدین چوہدری بشارت علی، راجہ اورنگزیب، راجہ طاہر محمود، سید حامد علی شاہ، قاضی محمد عمران، راجہ شاہد مبارک، اخیان گل طاہر،فرمان علی عباسی، راشد محمود عباسی، ملک ظہیر الدین بابر،چوہدری ظفر اقبال،، طارق شاہین، راجہ بشارت اقبال، طارق ستی، نعمان احمد،محمد فراز اور ممتاز احمد عباسی نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انھوں نے کہا کہ راولپنڈی بورڈ کے زیر انتظام میٹرک امتحانات کے پرچے مسلسل آؤٹ ہو رہے ہیں،پچھلے سال امتحانات کے سلسلے میں ہونے والی بورڈ میٹنگ کا ممبران سے بائیکاٹ کیا تھا،بورڈ ممبران کا مطالبہ تھا کنٹرولر پرچے آؤٹ ہونے کی وضاحت کریں، بورڈ کی خفیہ پریس میں ڈیلی ویجز ملازمین کام کر رہے ہیں،وہی ملازم گزشتہ تین سال سے ایک جگہ تعینات ہیں،اس حوالے سے ان کے تبادلے کیوں نہیں کیے جاتے،پرچے پریس سے آؤٹ ہوتے ہیں ملبہ اساتذہ پر ڈال دیا جاتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپر پیکنگ کا نظام بھی صاف شفاف بنایا جائے۔
دوبارہ پیپرز لینے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو امتحانات لینے کا بائیکاٹ کرینگے، پرچے اساتذہ سے نہیں پریس سے آؤٹ ہوتے ہیں،کنٹرولر وضاحت کریں
May 20, 2022