عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے خلوص نیت سے ہر ممکن کوشش کی: احسان بھٹہ

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) صوبائی سیکرٹری ٹورازم  لگنے والے سابق کمشنر احسان بھٹہ کے اعزازمیں ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے سرکٹ ہائوس میں ظہرانہ دیا ۔ سابق کمشنر  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پوسٹنگ کے دو ماہ میں انہوں نے خلوص نیت سے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض کوادا کرنے کی ہرممکن کوشش کی جس میں انتظامی افسروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا جس کے نتیجہ میں سروس ڈیلیوری میں خاطر خواہ بہتری کے ساتھ،نفراسٹرکچر‘ کھیلوں کے میدان اورجمنازیم‘ پارکس‘ تعلیمی اداروں‘ اسپیشل ایجوکیشن سنٹرز‘ ہسپتالوں اور دیگرعوامی خدمات کا معیار بہتر بنایاگیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے‘ ڈی سی دانش افضال،ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر عابد خان‘ سی پی او سید حماد عابد‘ ڈی سی نارووال صبا اصغر‘ڈی سی حافظ آباد محمد آصف رضا‘ ڈی سی منڈی بہائوالدین محمد شاہد‘قائمقام ڈی سی گجرات عامر شہزاد‘ اے ڈی سی آر حسین رضا چوہدری اور دیگر نے اپنے فرائض پوری تندہی‘ خلوص اور لگن سے ادا کرنے پر سابق کمشنر احسان بھٹہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ  بلا شبہ ان جیسے خدمت انسانی کے جذبے سے سرشار محنتی اور ایماندار افسران کی اس ملک کو بے حد ضرورت ہے۔ انہوں نے بطور سیکرٹری ٹورازم پنجاب ان کی تعیناتی پر انہیں مبارکباد دی اور یادگاری تحائف پیش کئے۔

ای پیپر دی نیشن