معیشت کی بہتری کیلئے تمام اکائیوں کوملکی مفاد میں ایک ہونا ہوگا،ثروت اعجاز قادری

May 20, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ معیشت کو بہتر بنانے کیلئے تمام اکائیوں کو ملک کے مفاد میں ایک ہونا ہوگا،مہنگائی میں اضافہ ہوا تو مزید غربت بڑھے گی جو ملک کے معاشی اقتصادی نظام کیلئے بہتر نہیں ہوگا ،ملک معاشی طور پر حکمرانوں کی منفی پالیسیوں اور کرپشن کے سبب دیوالیہ ہوچکا ہے ،معاشی استحکام کیلئے ملک کی قومی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے ملک کے مفاد میں مشترکہ ومتفقہ پالیسی بنائی جاسکے،ملک دشمن قوتیں کراچی میں دہشتگردی کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ،پے درپے دہشتگردی کے واقعات کو روکنے کیلئے دہشتگردوں سے انہی کی زبان میں نمٹنا ہوگا ،دہشتگردی کرنے والے ریاست کے غدار عوام وملک دشمن ہیں انہیں سر عام پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنایا جائے ،کراچی کا امن وترقی پر آنچ آئی تو ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا ،پولیس ورینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے ادرے کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف سخت آپریشن کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ سیاستدان سڑکوں اور جلسوں کی سیاست چھوڑ کر فوری الیکشن کی طرف جائیں ،عوام ووٹ کی طاقت سے جنہیں منتخب کرینگے نئی حکوت وہی بنائینگے ،عوام سے وعدے پورے نہ کرنے اور جھوٹی تسلیاں دینے والوں کا عوام ووٹ کی طاقت سے محاسبہ کرینگے ،معاشی واقتصادی ترقی کیلئے اب نئی راہیں تلاش کرنی ہونگی ،قرضوں سے ملک نہیں چلتے بلکہ مقروض ہوتے ہیں جسکا کا خمیازہ غریب کو بھگتنا پڑتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک نازک دور سے گذر رہا ہے ،موجودہ صورتحال میں ہمیں اتحاد ویکجہتی اور یکسوئی کے ساتھ ملک کی ترقی اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔

مزیدخبریں