پروٹین کیمسٹری کے موضوع پر پانچویں قومی ہائبرڈ ورکشاپ ختم

May 20, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) کلاسکل پروٹین کیمسٹری کے موضوع پر تین روزہ پانچویں قومی ہائبرڈ ورکشاپ(17 تا19 مئی)جمعرات کو ایچ ای جے 
ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی، اس قومی وکشاپ کا انعقاد ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ جامعہ کراچی، کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے ہوا۔ چپ مین یونیورسٹی کلیلفورنیا امریکہ کے ریسرچ ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر آفتاب احمد نے ورکشاپ میں شرکائ￿  کو تربیت دی۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ادویات، زراعت، فارمیسی اور دیگر حیاتی علوم میں پروٹین سائینس کی اہمیت کے پیش نظر اس شعبے میں مہارت اور انسانی وسائل کی تربیت کے لیے جامع پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا پروٹین کیمسٹری دراصل بائیوکیمسٹری کے متعدد شعبوں میں کردار ادا کرتی ہے جس میں ڈی این اے ٹیکنالوجی، تجزیاتی کیمسٹری، کلینکل کیمسٹری، ادویاتی کیمسٹری اور پروٹین سے علاج بھی شامل ہے۔ بین الاقوامی مرکز کے متعلق انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز خالصتاً ایک تعلیمی ادارہ ہے جس کا مقصدایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کو سائینسی تربیت فراہم کرنا ہے،  انہوں نے کہا بین الاقوامی مرکز کے سند یافتہ ہزاروں اسکالرز دنیا بھر میں صنعتوں اور تعلیمی و تحقیقی اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر آفتاب احمد نے کہا کہ زندگی کی قائم رکھنے میں پروٹین کا کردار نمایاں ہے اس لیے جدید بائیو کیسمٹری میں پروٹین کیمسٹری کا مقام اہم ہے۔ واضح رہے کہ  کلاسکل پروٹین کیمسٹری کے موضوع پر منعقدہ اس قومی ہائبرڈ ورکشاپ میں متعلقہ موضوع پر متعدد لیکچر ہوئے جبکہ اسی موضوع کے تحت تربیتی سیشن بھی منعقد ہوئے، جس سے شرکاء نے استفادہ کیا۔

مزیدخبریں