حیدرآباد(نامہ نگار) ناظم جماعت اسلامی سیر ی گاجا موری باقر علی نظامانی نے کہا ہے سیر ی گاجا موری میں مضر صحت مین پوری،گٹکے اور منشیات کی فروخت پر پابندی پر عملدرآمد کروا نے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیری گاجا موری میں کھلے عام پولیس کی سرپرستی میں مضر صحت مین پوڑی، گٹکے، اکڑا پرچی اور کچی شراب فروخت کی جا رہی ہے جس کے باعث نہ صرف نوجوان نسل تباہ و برباد ہو رہی ہے بلکہ بیشتر نوجوان ایسے ہیں جو کینسر و دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا ہو کرجان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان اشیائ کی فروخت پر پابندی عائدکرتی ہے لیکن اس پابندی پر عملدرآمد کروانے والے اپنے ناجائز مفادات کی خاطر عملدرآمد نہیں کرواتے جس کے باعث ان اشیائ کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔چرس، شراب، افیم، آئس، گٹکا، مین پوری، ماوا اورسفینہ سمیت دیگر نشا آور اشیا بھاری نذرانوں کے عوض فروخت ہورہی ہے،سیری گاجا موری میں مین پوری، گٹکا اور ماوا بنانے کے مختلف علاقوں میں کارخانے موجود ہیں،منشیات کے استعمال کے باعث نوجوان نسل پر منفی اثرات کی وجہ سے گھروں میں جھگڑے،چوری،خود کشی سمیت نشے کی حالت میں روڈ حادثوں میں بھی اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ذہنی اور جسمانی بیماریوں کااصل سبب بھی منشیات کا استعمال ہے۔ سیری گاجا موری کی سیاسی سماجی شخصیات بھی منشیات کے خلاف بھی آواز اٹھانے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ منشیات وبائی بیماری کی طرح نوجوان نسل سمیت عورتوں اور معصوم بچوں میں بھی پھیل رہی ہے جوکہ معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سیری گاجا موری میں منشیات کی فروخت اور استعمال کو بند کراکر منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور نوجوان نسل اور معاشرے کو منشیات سے پاک کیا جائے۔
گٹکے اور منشیات کی فروخت پر پابندی ‘ عملدرآمد کروایا جائے ،باقر نظامانی
May 20, 2022