لاہو ر(کامرس رپورٹر )ممبر پنجاب اسمبلی سردار اویس احمدخان لغاری نے کہا ہے کہ عوام دوست وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے عوام کیلئے شاندار ریلیف پیکیج دیا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر حکومت 200ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ آج سے پنجاب کے 36اضلاع میں 10کلو آٹے کا تھیلا 490روپے میں ملے گا۔ حکومت نے 10کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت میں 160روپے کی نمایاں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت تباہ ہوئی اورعوام گزشتہ 4سالوں سے مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی عوام کیلئے بڑا ریلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور ان کی شب و روز کی محنت کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 36اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو اشیا ئے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں گی۔
عوام دوست وزیر اعلیٰ نے شاندار ریلیف پیکیج دیا:اویس احمدخان لغاری
May 20, 2022