لاہور(کامرس رپورٹر ) چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج ایسوسی ایشن اور سابق صدر لاہور چیمبر شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ معیاری بیج خوراک کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے اور زرعی پیداوار بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات سکول آف کمیونی کیشن سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی کے چوتھے سمسٹر کے طلبہ کے سٹڈی ٹور گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ایمرجنگ یو ٹیوبر ردا نوشیروان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ شہزاد ملک نے کہا کہ اعلی معیار کے بیجوں کا استعمال کسی بھی طریقے کی کامیاب زراعت کی بنیاد ہے اور یہ زرعی پیداوار بڑھانے والے اہم عناصر میں سے ایک ہے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ یہ عنصر بڑھتی ہوئی آبادی کی فوڈ سکیورٹی کیلئے پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے اور 2050ء تک دنیا کی آبادی نو ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری بیج نہ صرف ڈبل بلکہ پیداوار میں تین گنا اضافہ کرتا ہے اور بیماریوں اور کیڑوں مکوڑوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے علاوہ پیداوار کی لاگت میں کمی بھی واقع ہوتی ہے۔ پاکستان میں زرعی بیجوں کی تمام اقسام پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے مناحل طاہر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لینا چاہیے کیونکہ اس کا بوجھ غریب عوام پر منتقل ہو گا ۔زراعت کے شعبہ میں متوقع سرمایہ کاری اور چینی سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی بھی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف،ملکی معیشت کے وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف، بیجوں پر 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس لیں:شہزاد علی ملک
May 20, 2022