سینئر بنکار ، الیکٹرانک وئیر ہاؤس ریسیٹ فنانسنگ ، صنعت تک منتقل کریں : ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک 

May 20, 2022

  لاہور(بزنس رپورٹر)سٹیٹ بنک ڈپٹی گورنر سیماکامل نے بنکوں کے لیے الیکٹرانک ویئرہاؤس ریسیٹ فنانسنگ پر دو روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام ملک میں ای ڈبلیو آر ایف کو فروغ دینے کی غرض سے سٹیٹ بنک کی کوششوں کو تقویت دینے میں کلیدی اہمیت کا حامل ثابت ہو گا۔ انہوں نے دوران اجلاس  سینئر بنکاروں کی حوصلہ افزائی کہ وہ اس سیشن میں ای ڈبلیو آر ایف کے متعلق معلومات کا استعمال کرتے ہوئے اسکے مؤثر نفاذ کیلئے اسے صنعت تک منتقل کریں۔ای ڈبلیو آر ایف ایک ایسا طریقہ کار ہے، جس کے تحت کاشت کار اپنی زرعی پیداوار اور اجناس کو بطور ضمانت بنکوں کے پاس رکھوا کر قرضوں کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ اس طرح کاشت کار اگلی فصل کی خام مال کی ضروریات  پوری کرنے کے لیے نقد رقم کی آمد رووفت یقینی بنانے کی خاطر اپنی پیداوار کو نامناسب قیمتوں پر فروخت کرنے سے بچ سکتے ہیں،اس سے پاکستان کو فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے بلند نقصانات کم کرنے میں مدد بھی ملے گی۔ سیما کامل نے بتایا کہ ہماری جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ تقریباً ایک چوتھائی اور یہ نصف افرادی قوت کو روزگار فراہم کرتی ہے،تاہم انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ زراعت کے شعبے سے وابستہ لوگوں کو قرضوں تک رسائی اور انفرسٹرکچر کو جدید بنانے ، جس سے انہیں اپنی زرعی پیداوار کو ذخیرہ کرنے یا بروقت فروخت میں مدد مل سکتی ہے، دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بنک نے بڑھتے ہوئے غذائی تحفظ، کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات میں کمی اور کاشت کاروں کو بنک سے قرضہ لینے کیلئے اجناس کے بطور ضمانت استعمال کی اجازت دینے کے ضمن میں گودام کے نظام کے کردار کے پیشِ نظر ای ڈبلیو آر ایف کا اقدام کیا۔ انہوں نے ذیشان احمد شیخ کی زیرقیادت آئی  ایف سی کی ٹیم اور پاکستان میں ای ڈبلیو آر ایف کے فروغ کیلئے آئی ایف سی کے اشتراکی منصوبے میں معاونت فراہم کرنے والی محترمہ ناوما کی کوششوں پر اظہارِ مسرت کیا۔ انہوں نے سینئر بنکاروں کو ای ڈبلیو آر ایف کی متعلقہ معلومات سے استفادہ کرنے اور صنعت میں اس کی ترویج کی ترغیب دلائی تاکہ اس پر بلارکاوٹ عملدرآمد ہوسکے۔آئی ایف سی کے کنٹری منیجر برائے افغانستان اور پاکستان ذیشان شیخ نے اس موقع پر کہاکہ الیکٹرانک وئیر ہائوس رسیٹ جیسے اختراعی مالی ماڈلز نہایت اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ ان کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرمائے کی راہ ہموار، کاشت کاری کے شعبہ کی تقویت ،طویل مدتی ملازمتیں اور معیشت فروغ پاسکتی ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک وئیر ہائوس رسیٹ کے کام میں مدد دینے پر جاپان کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔سٹیٹ بنک نے آئی ایف سی کے اشتراک سے ای ڈبلیو آر ایف پر عملدرآمدی منصوبے کے تحت دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ 

مزیدخبریں