پاکستان کوٹنگ شو 2022 :  ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا اِظہار دلچسپی 

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور ایکسپو سنٹر میں تین روزہ پاکستان کوٹنگ شو 2022 کا آغاز ہو گیا ۔ جس میں کوٹنگ ،پینٹس اور کیمیکلز انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز بلکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک منداور ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری اور ترکی کے قونصل عامر اوزبے نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر معظم رشید کے ہمراہ افتتاح کیا۔ یہ شو لاہور ایکسپو سنٹر میں 21 مئی تک جاری رہے گا، جس میں جدید ترین مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے میاں رحمن عزیز چن، حارث عتیق اور معظم رشید کے ہمراہ سٹالز کا دورہ کیا اور مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ کوٹنگ انڈسٹری سے وابستہ سٹیک ہولڈرز اور غیرملکی افراد کا رد عمل خوش آئند ہے ،پاکستان کوٹنگ شو نہ صرف بے مثال کامیابی سے ہمکنار ہوگا بلکہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ حارث عتیق نے پاکستان کوٹنگ شو کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی منظر نامہ ایسے اقدامات کا متقاضی ہے جو معاشی بحران سے نجات دینے میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ آرگنائزر معظم رشید نے کہا کہ پاکستان کوٹنگ شو 2022ء بین الاقوامی اور مقامی مینوفیکچررز، ڈسٹری بیوٹرز، سپلائرز اور ڈیلرز کیلئے بہت کشش رکھتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن