نیشنل سکیورٹی کونسل میں معاشی فیصلے کرانے کی حکومتی سازش افواج کو نئے مسائل میں ڈال سکتی ہے، سربراہ عوامی مسلم لیگ
سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف ایک ووٹ کی اکثریت پر مقتدر حلقوں سے ڈیڑھ سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہے ہیں جو انہیں مل نہیں رہی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب تو بھتیجی بھی کہتی ہے چاچو حکومت چھوڑ دو، لیکن چاچو ایک ووٹ کی اکثریت پر مقتدر حلقوں سے ڈیڑھ سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہا ہے جو مل نہیں رہی۔ کل سپریم کورٹ کے سوموٹو فیصلے نے بدنام زمانہ سیاستدانوں کے کیسوں کے خاتمے کا راستہ روک دیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل میں معاشی فیصلے کرانے کی حکومتی سازش افواج کو نئے مسائل میں ڈال سکتی ہے، معیشت کی خوفناک تباہی پر خاموشی قومی گناہ ہے، یہ صرف مہنگائی اور ڈالر 204 روپے کا ہونے کا مسئلہ نہیں ملک کی سیاسی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، قوم اور اداروں سے کہتا ہوں جاگتے رہنا ملک کو مل کر تباہی سے بچانا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری چوہدری شجاعت کو مبارکباد دینے نہیں بلکہ دونوں بھائیوں کو لڑانے گئے تھے۔
#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/WVGnKQ3Qhn
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 20, 2022