کوئٹہ‘ اسلام آباد‘ کراچی ‘ لاہور (بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی گاڑی پر ژوب میں خود کش حملہ کیا گیا۔ سراج الحق معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ حملہ آور ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق جلسہ عام سے خطاب کرنے کے لئے بلوچستان کے علاقے ژوب پہنچے تو ژوب میں نیو اڈہ کے مقام پر سراج الحق کی گاڑی کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑالیا۔ تاہم خود کش جیکٹ مکمل نہ پھٹنے کی وجہ سے حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق انہیں پولیس لائن ژوب منتقل کردیا گیا۔ زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے ژوب کے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر نے کے بعد واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئیں ۔ دریں اثناءجماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے کے وقت کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ دیکھا جاسکتا ہے سراج الحق سفید رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار ہو کر جارہے ہیں کہ اچانک انکی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوتا ہے۔ فوٹیج میں ہلاک ہونے والے حملہ آور کو بھی جائے وقوعہ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ دھماکے کے بعد زخمی کارکن خوف کے مارے سڑک کنارے پناہ لے لیتے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قافلے پر خود کش حملے پر ٹویٹ مےں کہا کہ میں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بات کی اور خیریت دریافت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ سراج الحق خودکش دھماکے میں محفوظ رہے۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر حملے کی شدید مذمت ہے۔ سراج الحق اور کارکنان کے محفوظ رہنے پر خوشی ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد اور یک جان ہے۔ راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے بھی رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ امیر جماعت سے فوری رابطہ کرکے خیریت دریافت کرنے والوں میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، صدر پی ٹی آئی پرویز الہی اور سابق وزیراعلی کے پی پرویز خٹک بھی شامل ہیں۔ امیر جماعت سے چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی بلوچستان نے بھی رابطہ کیا۔ ملک بھر میں مختلف قومی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان اور قائدین نے بھی میڈیا و سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے امیرجماعت پر خودکش حملہ کی مذمت کی۔ ملک وبیرون ملک پاکستانیوں اور جماعت اسلامی کے قائدین و کارکنان نے بھی سراج الحق کے لیے خیریت اور لمبی عمر کی دعائیں کی ہیں۔ قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائدین نے دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ سراج الحق کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے کے بعد ٹیلی فون پر ان کی خیریت دریافت کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شکر ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے آپ کو اور باقی قیادت کو محفوظ رکھا‘ دعا ہے کہ اﷲ پاک سراج الحق کی حفاظت فرمائے اور دھماکے کے نتیجے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا سیاست میں بڑا عزت اور مقام ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فون کیا ان کی خیریت دریافت کی اور ان پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دریں اثنا صدر عوامی تحریک شمالی پنجاب قاضی شفیق، صدر عوامی تحریک راولپنڈی غلام علی خان نے بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے مطابق سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے اور حملہ آور مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سراج الحق اور دیگر تمام احباب محفوظ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جماعت اسلامی کے 7 کارکنان زخمی ہیں، 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب پولیس نے تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق ژوب میں آج جماعت اسلامی کا جلسہ تھا اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرنا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ سراج الحق کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امیر جماعت اسلامی کے قافلے پر دھماکے کی مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے امیر جماعت اسلامی کیلئے نیک تمنا¶ں کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ زخمیوں کا علاج اور دھماکے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ 24کروڑ عوام چترال سے کراچی تک لگی آگ میں جل رہے ہیں، لوگ گھروں، مساجد، بازاروں میں محفوظ نہیں۔ حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا، ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ حکمرانوں نے پاکستان کو عالمی طاقتوں کا اصطبل بنایا اور آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی غلامی اختیار کی۔ وقت آگیا ہے کہ ملک میں لگی آگ پر پانی ڈالا جائے، اسے ترقی یافتہ خوشحال بنایا جائے۔ ملک کو صرف اسلامی نظام بچا سکتا ہے اور جماعت اسلامی ہی اسلامی نظام لاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب بلوچستان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے انہیں جلسہ منسوخ کرنے کا کہا گیا تھا مگر انہوں نے سب پر واضح کردیا کہ جلسہ ہر حال میں ہوگا، ہمارا ایمان ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ تحریک دعوت توحیدکے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دشمن قوتیں وطن عزیز میں امن کو تہہ وبالا کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی ناکام کوشش میں لگی ہیں ۔ حکومت کا فرض ہے حملے میں ملوث مجرموں کو سخت سزا دی جائے۔