اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار میں رہ کر اور اقتدار سے باہر اپنے اعمال اور حرکتوں سے ہمیشہ ملک کی بدنامی کا باعث بنے۔ انہوں نے سعودی عرب کی دی ہوئی گھڑی فروخت کی۔ سائفر کا جھوٹ بولا، قومی اداروں اور شہداءکی یادگاروں پر حملے کرائے اور ملک کی بدنامی کے مرتکب ہوئے۔ سانحہ 9 مئی کے جرم کی مذمت کافی نہیں، عمران خان اعتراف جرم کریں اور ذمہ داری قبول کریں۔ مذمت سے نہ 9 مئی کا جرم چھپ سکتا ہے اور نہ ہی مجرم۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے مرکز زمان پارک میں چھپے دہشت گرد قانون کے حوالے کریں۔ پولیس پر پٹرول بم، گولیاں اور پتھر برسانے والا صرف مذمت کر کے جان نہیں چھڑا سکتا۔
مذمت کافی نہیں‘ عمران اعتراف جرم کریں: مریم اورنگزیب
May 20, 2023