لاہور(نیوز رپورٹر)پی آئی ٹی بی کے محکمہ آبپاشی پنجاب کیلئے وضع کردہ ای آبیانہ نظام کے تحت اب تک کاشتکاروں کو 44 لاکھ بل جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ پنجاب حکومت آبیانہ کی مد میں 1 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کر چکی ہے۔ یہ بات ارفع ٹاور میں چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خرم مشتاق و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ بتایا گیا کہ 4 نئے ماڈیولز یعنی ای تاوان، ای ڈرینج، ای ایفلوئنٹ چارجز اور نہری پانی کا غیر آبپاشی استعمال کو جلد ہی سسٹم میں شامل کر لیا جائیگا۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ ای آبیانہ نظام کی بدولت نہ صرف پنجاب کے کاشتکاروں اور زمینداروں کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہے بلکہ پانی چوری روکنے اور پانی کے مو¿ثر استعمال میں مددبھی مل رہی ہے۔