لاہور(نیوز رپورٹر) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کو تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے میں بریفنگ کے دوران پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہزار 530 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا یہ منصوبہ 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ ورلڈ بنک کے مسعود احمد بھی چیئرمین واپڈا کے ہمراہ تھے۔ جنرل منیجر تربیلا ڈیم ذاکر عتیق، پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کے نمائندوں نے منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ منصوبے کی 5 مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ بریفنگ میں منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل ممکن بنانے کیلئے وضع کردہ ریکوری پلان پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے ان ٹیک، پین سٹاک، آو¿ٹ لٹ، پاور ہاو¿س اور سوئچ یارڈ سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ممبر پاور جمیل اختر، جنرل منیجر (پاور) تربیلا نصرمن اللہ، جنرل منیجر (ایچ آرڈی) بریگیڈیئر محمد حامد رضا (ریٹائرڈ) اور جنرل منیجر (سکیورٹی) بریگیڈیئر محمد طفیل (ریٹائرڈ) اِس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی اور معیشت کے استحکام کیلئے ماحول دوست اور سستی پن بجلی اشد ضروری ہے۔ موجودہ صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ پن بجلی کے منصوبوں کووقت پر مکمل کیا جائے۔