کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما) کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے ملک میں جاری سیاسی کشمکش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث بیرون دنیا میں پاکستان کا سافٹ میج بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ خاص طور پر غیر ملکی تاجروں کا پاکستانی تاجروں پر اعتماد کھوتا جارہا ہے جبکہ ملک میں کاروباری و صنعتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں لہٰذا ملک کے بہتر ترین مفاد میں سیاسی رہنماو¿ں کو تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے تاکہ ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکالا جاسکے۔سہیل نثار نے تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین سے اپیل میں کہا کہ خدارا ذاتی خواہشات کی تکمیل کے بجائے ملک کی بہتری کیلئے سوچیں اور ایسے کام کیے جائیں ۔جس سے ملک کو فائدہ ہو کیونکہ ملک میں جاری سیاسی کشمکش نے تاجروصنعتکار برادری کا اعتماد بری طرح متاثر کیا ہے اور تاجر وصنعتکار یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ انہیں ان ناسازگار حالات اور معاشی بحرانوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھنا چاہیے یا نہیں؟۔ ہم سب کی بقا ملک کی بقا سے مشروط ہے جب ملک ترقی کرے گا تو خوشحالی آئے گی اور خدانخواستہ اگر معاشی بحرانوں پر مزید شدت اختیار کرگیا تو واپسی کے تمام دروازے بند ہو جائیں گے۔