لاہور (کامرس رپورٹر ) اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ہیلے کالج آف کامرس نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیلئے مستقل چیئر کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام سے ممتاز تعلیمی ادارے اور معروف کاروباری سپورٹ آرگنائزیشن کے درمیان تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلے کالج میں ایک مستقل چیئر کا قیام دونوں اداروں کے درمیان ایک پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت کو یقینی بنائے گا، جس سے صنعت، تعلیمی اداروں اور وسیع تر کمیونٹی کیلئے ٹھوس فوائد حاصل ہوں گے۔ہیلے کالج میں ایل سی سی آئی کی مستقل چیئر کاروباری اور اقتصادی موضوعات پر تحقیق، سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسوں کے انعقاد کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ صدر لاہور چیمبر نے ہیلے کالج میں پری بجٹ سیمینار سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فارن ایکسچینج ریزرو کے بحران پر قابو پانے اور معاشی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے بہت سے اقدامات تجویز کیے ہیں اور حکومت کو سفارشات بھجوائی ہیں۔ انہوں نے ایمنسٹی سکیم متعارف کرانے، آڈٹ کی تعداد کم کرنے، درآمدی خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے سمیت دیگر بہت سی تجاویز سے شرکاءکو آگاہ کیا۔ ہیلے کالج آف کامرس کے پرنسپل ڈاکٹر ظفر احمد نے کہا کہ اکیڈمی کیلئے یہ تاریخی لاہور چیمبر کے ساتھ تعاون کرنا انتہائی خوشی کی بات ہے۔ ہیلے کالج یقینی طور پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تجربات سے سیکھے گا۔
ہیلے کالج آف کامرس کا لاہور چیمبر کیلئے مستقل چیئر کے قیام کا اعلان
May 20, 2023