کراچی میں گرفتار سابق گورنر سندھ اور تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو ڈسٹرکٹ جیل شکار پور بھیجا جائے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عمران اسماعیل کو 30 دن تحویل میں رکھا جائے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل نے جلا ؤگھیرا ؤاور سڑکیں بند کرنے کے لیے لوگوں کو اکسایا، جب کہ ملک اور قوم کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ خیال رہے کہ عمران اسماعیل کو گزشتہ شب ڈیفنس فیز 8 کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل کو کراچی میں انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا، سابق گورنر کے خلاف ٹیپو سلطان اور فیروز آباد تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔