کابل (نوائے وقت رپورٹ ) افغان صوبہ بلخ کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بغلان کے سیلاب متاثرین کے لیے ترک امداد کی پہلی کھیپ بلخ پہنچ گئی ہے۔افغان ہلال احمر کے شمالی زون کے سربراہ قاری محمد یونس معصومی نے باختر نیوز کے مقامی نامہ نگار کو بتایا کہ ترکی سے پہنچنے والی امداد میں 15 ٹن غذائی اشیاء ، 7 ٹن ادویات اور 2 ہزار کمبل شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترکی کی طرف سے فراہم کردہ امداد شفاف اور منصفانہ طریقے سے بغلان کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی۔دریں اثناء مزار شریف میں ترک قونصلیٹ کے قونصل جنرل مصطفی کوچو نے میڈیا کو بتایا کہ ترکیہ سے 600 ٹن مزید امداد عنقریب ریل کے ذریعے افغانستان پہنچے گی۔