لاہور(نامہ نگار)سی پی او لاہور کی صدارت میں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان اصغر،ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، ایس ایس پی لیگل غلام حسین چوہان اورڈویژنل ایس پیز انوسٹی گیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں منشیات کے زیر تفتیش مقدمات اور اعتراضی چالان جمع کروانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے مقدمات کے چالان کی تکمیل اورزیرِتفتیش مقدمات کوجلد سے جلد نمٹانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل ایس پیز پراسکیویشن ڈیپارٹمنٹ سے کوارڈینیشن بہتر بنائیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ زیرِالتواء مقدمات کی خود روزانہ مانیٹرنگ کر رہا ہوں،ایس پیز سے باقاعد گی سے رپورٹ لوں گا۔ جھوٹے مقدمے کا اندراج کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مقدمات کا فوری اندراج، میرٹ پر تفتیش اور چالان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے منشیات سمیت آرگنائزڈ کرائم کیخلاف مہم مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیسز فوری چالان اور مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ مقدمات کی تفتیش میرٹ، انصاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق کی جائے۔پولیس افسران اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت خلق کو شعار بناکر ایک محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنابھر کردار اداکریں۔
جھوٹے مقدمات کا اندراج کسی صورت قابل قبول نہیں:سی سی پی او
May 20, 2024