لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ملتان کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے موقع پر پنجاب پولیس نے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے محفوظ انعقاد کیلئے الرٹ رہی۔ ملتان کے 275 پولنگ سٹیشنز میں سے 69 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا تاہم پولیس ٹیموں نے تمام پولنگ سٹیشنز، ووٹرز اور الیکشن عملے کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکاروں سمیت 4 ہزار پولیس افسران و جوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات رہے ، ملتان سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے نفری کو بڑھا دیا گیا ، الائیڈ محکموں، آرمڈ فورسز، سکیورٹی اداروں کے تعاون سے پرامن اور شفاف پولنگ کے عمل کو یقینی بنایا گیا۔ آر پی او، سی پی او، سی ٹی او سمیت سینئر افسران نے تمام تر انتظامات کی خود نگرانی کی۔حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات رہیں، ریجنل، ڈویژنل کنٹرول رومز سے انتخابی عمل، سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری رہی ، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا گیا، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاڑ پر بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی گئی۔