لاہور+کاہنہ(نامہ نگاران)ڈی آئی جی آپریشنز لاہورنے پولیس اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک اسسٹنٹ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ۔ ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر عندلیب نے چند روز قبل ٹریفک اسسٹنٹ لقمان کیخلاف ہوائی فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔پولیس نے ملزم کی ضمانت ہونے پرگھڑی،موبائل فون اور موٹر سائیکل اسے واپس کر دی،تاہم ملزم کا پستول اور نقدی واپس نہیں کی گئی تھی۔ واپس لینے کیلئے ٹریفک اسسٹنٹ لقمان نے سب انسپکٹر عندلیب سے رابطہ کیاجہاں پولیس نے ٹریفک اسسٹنٹ لقمان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔سب انسپکٹر عندلیب کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ کے ساتھیوں نے پہلے ہاتھ اٹھایا تھا۔لقمان کا کہنا تھاسامان کی واپسی کا مطالبہ لے کر گئے تھے کہ تشدد کا نشانہ بناا ڈالا۔دونوں نے ایک دوسرے کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دیدی ہیں۔ افسران کی اجازت کے بعد درخواستوں پر کارروائی ہو گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے سب انسپکٹر عندلیب سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ڈی آئی جی کاکہنا ہے کہ قصور وار ثابت ہونے پراہلکاروں کیخلاف مقدمہ بھی درج ہوگا۔