گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) نیو واسا لیبر یونین سی بی اے کے زیر اہتمام ملازمین واسا نے سابق چیئرمین یو سی ملک متین اعوان کیخلاف لیاقت پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، اور ہڑتال کا اعلان کردیا۔ سابق چیئرمین یو سی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی گئی۔ سی بی اے یونین کے عہدیداروں نے سابق چیئرمین یو سی کے خلاف سخت ترین ایکشن نہ ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ سیور مین انچارج انتھونی مسیح اور گلفام مسیح کے مطابق چیئرمین یونین کونسل نمبر 5 ملک متین نے عملہ سیور مین کو گالیاں دیں۔ بعدازاں سابقہ چیئرمین مسلح افراد کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور آتے ہی ہاتھا پائی شروع کردی، جان سے مار نے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ اس موقع پر موجود واسا کے دوسرے ملازمین شہزاد مسیح وغیرہ نے منت سماجت کرکے جان بخشی کروائی۔ جب تک ایف آئی آر درج نہیں ہوتی تمام عملہ واسا دفاتر اور فیلڈ میں کام نہیں کریں گے اور احتجاجاً لیاقت پارک یونین آفس میں ہڑتال پر رہیں گے۔