کلرسیداں(اکرام الحق قریشی)سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی معروف اسلامی سکالر مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے تمام انبیا مرسلین علیہ السلام کا دین، تعلیمات دین اسلام پر مبنی تھی نصرانیت و یہودیت لوگوں کے تراشے نام ہیں یہ اللہ کے تجویز کردہ نام نہیں۔اغیار میں میرا جسم میری مرضی کی وجہ سمجھ آتی ہے مگر اسلامی ممالک اور معاشرے میں یہ نعرہ لبرل کے نام پر اسلام پر ڈاکہ ڈالنے کی مذموم کوشش اور دین اسلام سے کھلی بغاوت ہے جس کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتحاد اہلسنت کے زیراہتمام سپورٹس سٹیڈیم کلرسیداں میں منعقدہ سنی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمان نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مفتی زاہد یوسف نے سرانجام دیئے۔مفتی منیب الرحمان نے کہا ہمارا دین اسلام ہے جو حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہوا تمام انبیا اسی دین اسلام کے علمبردار تھے ۔ اس سے قبل پیر حسان حسیب الرحمان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا مفتی منیب الرحمان اہلسنت کی نظریاتی سرحدوں کی جس انداز میں حفاظت کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ کراچی کے پیر سید مظفر حسین شاہ نے کہا آج ہمارے تعلیمی اداروں پر علم کے نام سے اللہ تعالی کی واحدانیت پر حملے عالمی سازش کا حصہ ہیں علمائے اہلسنت عقیدہ توحید و رسالت کے پہرے دار ہیں ۔لاہور سے آئے قاری محمد رفیق نے تلاوت کلام پاک کی جبکہ ہدیہ نعت کراچی کے معروف ثناخواں غلام مصطفی قادری نے پیش کی، نظامت کے فرائض مقامی عالم دین مفتی زاہد یوسف نے سرانجام دیئے۔
صحابہ رسول کی توہین ہمیں ہرگز قبول نہیں،مفتی منیب الرحمان
May 20, 2024