اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو اقوام متحدہ سے منسلکہ ادارے گلوبل الائنس آف نیشنل ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے اے ون سٹیٹس نیشنل ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوشن کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے اس سال کے سیشن میں نیا اے کا درجہ حاصل کیا ہے۔ یہ درجہ این سی ایچ آر کو انسانی حقوق کونسل، اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں میں ایک نشست فراہم کرے گا ۔ این سی ایچ آر پاکستان برطانیہ، سویڈن، ڈنمارک، فرانس اور دیگر ممالک کی صفوں میں بطور اے سٹیٹس شامل ہو گیا ہے۔این سی ایچ آر کی چیئرپرسن، رابعہ جویریہ آغا کا اس بارے میں کہنا تھا کہ "این سی ایچ آر کو اے اسٹیٹس کے ادارے کے طور پر ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے پر فخر ہے اور ہم اپنے اراکین، ٹیم، سول اور بین الاقوامی شراکت داروں جیسے کہ یو این ڈی پی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔واضع رہے اب این سی ایچ آر کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور دیگر عالمی فورمز پر انسانی حقوق کے لیے پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت مل جائے گی اور اس اقدام کی بدولت پاکستان کو GSP+، FATF اور IMF سے مالی مراعات کے حصول کے لیے اسٹریٹجک مدد ملے گی ۔ یونیورسل پیریڈک رپورٹ میں پاکستان کے حالیہ جائزے میں، اٹھارہ ممالک نے این سی ایچ آر کے آزادانہ کام کرنے کی سفارش کی ہے ۔