بھارت میں مسلمان، سکھ، عیسائی نازک صورتحال سے دوچار، امریکی عالمی مذہبی آزادی کمشن

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکہ کے عالمی مذہبی آزادی کمشن کے رکن ڈاکٹر آصف محمود نے عہدہ سنبھالتے ہی پہلا بیان بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں ڈاکٹر آصف محمود نے کہا بھارت میں 200  ملین سے زیادہ مسلمان نازک صورتحال سے دوچار ہیں، بھارت میں لاکھوں سکھ اور مسیحی بھی مسائل کا شکار ہیں جبکہ 3 ملین روہنگیا کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں، غزہ میں انسانی حقوق کے امور پر بڑی خامیاں ہیں۔ نیو میکسیکو سے تعلق رکھنے والے سینیٹر بین لوہان نے ڈاکٹر آصف محمود کو تقرری پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم مذہبی آزادی کے امور پر ڈاکٹر آصف محمود کے مشورے چاہتے ہیں، امید ہے ڈاکٹر آصف پوری دنیا میں انسانی حقوق کے معاملے پر آواز بلند کریں گے۔ واضح رہے گزشتہ روز پاکستانی نژاد امریکن ڈاکٹر آصف محمود کو امریکہ کے عالمی کمشن برائے مذہبی آزادی کا رکن مقرر کیا گیا۔ بحیثیت سفارت کار وہ مختلف ممالک میں مذہبی آزادی کا جائزہ لیں گے اور امریکی حکومت کیلئے پالیسی سفارشات مرتب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن