ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد اب ملک کے نائب صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے،ایرانی آئین کے مطابق صدر کے انتقال کے بعد 50 دن کے اندر صدارتی انتخابات کروائے جائیں گے۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے مطابق ایران کے صدر کے نااہل ہونے، مستعفی ہونے، غیر حاضر ہونے، بیمار ہونے یا انتقال ہونے کی صورت میں نائب صدر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس وقت محمد مخبر ایران کے نائب صدر کی ذمہ داریاں انجام دے ہیں اور آئین کے مطابق اب محمد مخبر ایران کے صدر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے 50 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد ہوگا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔ایرانی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ آج صبح مل جانے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں۔ایرانی خبر رساں ادارے تہران ٹائمز کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹرکو حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا جس میں گورنر تبریز بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ ایرانی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ہیلی کاپٹر پوری طرح جل چکا ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کے باعث تبریز شہر میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ترجمان اور ایران کے صوبے تبریز کے گورنر کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی سوار تھے۔گزشتہ روز سے ہی حادثے کا شکارہ ہونے والے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کا کام جاری تھا اور تاہم خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کے حادثے کے مقام کا پتہ لگانے میں تاخیر ہوئی اور آج صبح ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ تک پہنچیںاب ایران کے سرکاری میڈیا اور دیگر عرب میڈیا نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔