سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر ناساز ہوگئی ہے۔ سعودی ایوان شاہی کے مطابق شاہ سلمان کو بخار اور جوڑوں میں درد کی شکایت ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں ان کے دوسری بار میڈیکل ٹیسٹ ہوں گے۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی کی طرف سے شائع ہونے والے ایک بیان سعودی ایوان شاہی نے بتایا کہ شاہ سلمان آج جدہ کے شاہی محل قصر السلام میں طبی معائنہ کرائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ بخار اور جوڑوں میں تکلیف کے باعث شاہ سلمان کے معالجین نے بعض ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہی ایوان نے عالم اسلام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ شاہی بیان کے مطابق شاہ سلمان کے جسم کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے اور وہ جوڑوں میں درد کا شکار ہیں، علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے حالت کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی بادشاہ کی صحت پر شاذ و نادر ہی بات کی جاتی ہے لیکن سعودی ایوان شاہی نے اپریل میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں معمول کے معائنے کے لیے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، وہ اسی دن ہسپتال سے ڈسچارج بھی ہوگئے تھے۔ سعودی عرب، جو دنیا کا سب سے بڑا خام تیل برآمد کرنے والا ملک ہے، اس نے برسوں سے شاہ سلمان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ شاہ سلمان نے 2020 میں مثانہ نکالنے کے لیے سرجری کروائی تھی، انہیں مارچ 2022 میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر ناساز
May 20, 2024 | 13:28