اللہ کا شکر ہے کہ بشکیک واقعہ میں کوئی پاکستانی طالب علم جاں بحق نہیں ہوا: وفاقی وزیر اطلاعات

May 20, 2024 | 14:23

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، حکومت کی پوری توجہ پاکستانی طلبہ پر مرکوز ہے، بشکیک سے واپس آنے والے طلبہ کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، اللہ کا شکر ہے کہ بشکیک واقعہ میں کوئی پاکستانی طالب علم جاں بحق نہیں ہوا۔ یہ بات انہوں نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بشکیک سے خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان آنے والے 170 پاکستانی طلبہ کے استقبال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرغزستان کی مقامی ایئر لائن ایرو نومیڈ کی چوتھی پرواز آج پاکستان پہنچی ہے جس میں 170 پاکستانی طلبہ وطن واپس آئے۔ مجموعی طور پر 540 طلبہ پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشکیک میں صورتحال تشویشناک رہی، ہمارے طلبہ میں خوف و ہراس پھیلا رہا، وزیراعظم لمحہ بہ لمحہ پاکستانی سفیر سے رابطے میں رہے، انہوں نے طلبہ کی پریشانی پر فوری ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کی سہولت کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ طلبہ کے تحفظ اور ان کی تعلیم کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، حکومت کی پوری توجہ پاکستانی طلبہ پر مرکوز ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ طلبہ کو حالات بہتر ہونے پر واپس بھجوایا جائے تاکہ وہ اپنی ڈگریاں مکمل کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر پاکستان واپس آنے والے طلبہ کے استقبال کے لئے وزرا ایئر پورٹس پر موجود ہیں تاکہ طلبہ کو یہ احساس نہ ہو کہ وہ تنہا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ طلبا ہمارا مستقبل ہیں، انہیں کوئی مشکل پیش نہ آئے، حکومت ان کے معاملات خود دیکھ رہی ہے، ہماری اولین کوشش ہوگی کہ پاکستانی طلبہ کے مسائل حل کئے جائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے حوالے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ہمیں اس واقعہ پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اسپیشل فلائیٹ زخمی طلبہ کو لے کر پاکستان آ رہی ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے ایئر پورٹ پر پاکستان پہنچنے والے طلبہ کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔ اس موقع پر طلبا اور ان کی فیملیز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے یقین دلایا کہ طلبہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں