غم اور آزمائش کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان

 پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ غم اور آزمائش کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی المناک موت کا سن کر گہرا رنج ہوا ہے، انہوں نے مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لیے اپنے ملک کی طرف سے پرعزم حمایت کرتے ہوئے قیادت کی، ہماری تعزیت اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور قیادت کے ساتھ ہے، ہم ان کے غم اور آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ادھر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا، وزیر اعظم نے کہا کہ صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کی اطلاع کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کو بے چینی سے دیکھ رہے تھے، اچھی خبر کی امید تھی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا، میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اس ہولناک نقصان پر ایرانی قوم کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، دعا اللہ شہیدوں کو جنت الفردوس میں سکون عطا فرمائے، عظیم ایرانی قوم روایتی ہمت کے ساتھ اس سانحے پر قابو پالے گی۔ صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے ، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

ای پیپر دی نیشن