ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے پنجاب نے گائیڈلائنز جاری کردیں

May 20, 2024 | 22:15

ویب ڈیسک

ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے متعلقہ اداروں کو گائیڈلائنز جاری کردیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21 سے 27 مئی کے دوران پنجاب میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔ بڑے شہر، میدانی علاقے، جنوبی اضلاع کے گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈی سیز کو عوامی مقامات پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ 

ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن نمبرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی کا کہنا ہے کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کریں، کسانوں کو ہیٹ ویو کے فصلوں پر اثرات سے متعلق آگاہی دی جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ویٹرنری کیئر سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی منڈیوں کے مقامات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ صحت کو ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ صحت اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹر قائم کرے۔ ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کی ابتدائی طبی امداد کےلیے ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات پر موبائل ہیلتھ یونٹس اور مستقل بنیادوں پر میڈیکل کیمپس لگائیں، محکمہ تعلیم اسکولوں کے انٹری پوائنٹس پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کے بارے پینا فلیکسز لگائیں، اسکول ٹائمنگز میں کمی کے ساتھ 5 سال کی عمر تک کے بچوں کو چھٹیاں دی جائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزیدخبریں