اسلام آباد (این این آئی) وزارت صنعت اور فرٹیلائزر سیکٹرمشترکہ طورپر یوریا پرائس فارمولا طے کررہے ہیں جس میں 68روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس ڈیویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ فارمولے میں جنرل سیلز ٹیکس میں 4.7فیصد کمی کے ساتھ فرٹیلائرز سیکٹر کو بلا تعطل دو سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی یقینی فراہمی بھی تجویز کی جارہی ہے۔ نئے فارمولے کے تحت یوریا کی فی بیگ قیمت میں 150روپے کمی کا امکان ہے۔ وزارت صنعت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو تجویز کیا ہے کہ رواں مالی سال ربیع کی فصل کیلئے کھاد کی طلب کے پیش نظر،، دو لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی یوریا کی پیداوار یقینی بنائی جائے۔ وزارت صنعت نے یوریا کی قیمت بیگ پر لازمای پرنٹ کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔