اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ صدر کا عہدہ سیاسی ہے‘ صدر آصف علی زرداری کا خیبر پی کے اسمبلی سے خطاب خوش آئند ہے‘ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال پر پورا ملک فکرمند ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیاں صدر کا الیکٹورل کالج ہیں‘ صدر وفاق کی علامت ہیں‘ صدر کو تمام اسمبلیوں کو گائیڈنس دینی چاہیے‘ صوبہ خیبرپختونخوا سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے انتہا پسندانہ سوچ کا مقابلہ کرنے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کا جو پیغام دیا ہے یہ بہت اہم ہے تمام سیاسی جماعتوں کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سابق دور حکومت میں اشتہاریوں کو چھوڑا گیا‘ موجودہ حکومت نے کسی شخص کو غیر قانونی طریقے سے رہا نہیں کیا۔ کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آپریشن ہونا چاہیے‘ کراچی میں طالبان‘ کالعدم تنظیمیں‘ بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہیں۔