لاہور (وقائع نگار خصوصی) صدر زرداری کے دو عہدوں کے حوالے سے توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کل بدھ کے روز چیف جسٹس مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 5 رکنی فُل بنچ کر رہا ہے، اس فُل بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن، مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ، مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ اور مسٹر جسٹس نجم الحسن شامل ہوں گے جبکہ صدر زرداری کی اہلیت کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے فرید احمد پراچہ کی درخواست کی سماعت جسٹس ناصر سعید شیخ آج کریں گے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے روبرو ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لینے سے متعلق عدالتی کمشن کے قیام کےلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ آفاق احمد ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست میں م¶قف اختیار کیا گیا ہے کہ ایوان صدر میں کسی بھی طرح کی سیاسی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں۔ اس کے باوجود صدر مملکت کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔ عدالتی کمشن کی رپورٹ آنے تک صد آصف علی زرداری کے خلاف دائر توہین عدالت کیس کی سماعت پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔