فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے‘ عوامی خدمت میں جان کی بھی پروا نہیں: شہباز شریف

Nov 20, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے، فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے‘ منتخب نمائندوں کی قومی، ملی اور دینی ذمہ داری ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے فعال کردار ادا کریں‘ ارکان اسمبلی امن و امان کے انتظامات کی مانیٹرنگ کریں اور بھائی چارے و برداشت کے جذبات کے فروغ کیلئے متحرک کردار ادا کریں‘ ملک دشمن عناصر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں، ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت پیدا کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنادیں‘ ارکان اسمبلی، علمائے کرام اور مشائخ عظام اتحاد، بھائی چارے اور برداشت کے جذبات کو فروغ دیں‘ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وہ محرم الحرام کے دوران امن وامان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ماتمی جلوسوں کے روٹس اور سکیورٹی کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے تحت علمائے کرام، ذاکرین اور عوامی نمائندوں کے تعاون سے حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ ہوٹلوں، گیسٹ ہاﺅسز اور سراﺅں میں بغیر شناختی کارڈ افراد کو ٹھہرانے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے اور مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بغیر اصلی شناختی کارڈ کے کسی بھی شخص کو ہوٹل، گیسٹ ہاﺅس یا سرائے میں ٹھہرنے کی اجازت نہ دیں۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ شر انگیز لٹریچر کی اشاعت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ جلوسوں کے روٹس پر پڑا ملبہ فوری اٹھایا جائے۔ جنریٹرز، سٹریٹ لائٹس اور صفائی کے انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔ جلوسوں کے روٹس کو مکمل چیکنگ کرکے کلیئر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جیل کے اندر موبائل فون کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کی شکایت پر متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو معطل کرنے کا حکم دیا اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو جیلوں میں موبائل فون پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے محرم الحرام کے دوران متحرک انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں اور تلاشی لئے بغیر کسی بھی شخص کو سکیورٹی حصار کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ عوامی خدمت کا ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کی مخالفت ایک مخصوص عوام دشمن مافیا کر رہا ہے۔ عوامی خدمت کرتے ہوئے میری جان بھی چلی جائے تو کوئی پروا نہیں۔ مفاد عامہ کے اس میگا پراجیکٹ کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ میٹرو بس منصوبے میں تاخیر کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ وہ ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹرز مقرر کردہ ٹائم لائن کی پابندی کریں، ٹائم لائن میں مزید اضافہ نہیں کیا جائےگا کیونکہ عوامی مفاد کا یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے اور عوام کو اس منصوبے سے بہت سی توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں۔ وزیراعلی نے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کے فوری حل کیلئے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کے سٹیشنز پر معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلی نے نیسپاک کے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہر سیکشن پر کام پر ہونے والی پیش رفت اور زیر التوا کام کے بارے میں تفصیلی، جامع اور پیشہ وارانہ انداز میں بریفنگ دی جائے، وزیراعلی نے کہا کہ ایم اے او کالج روٹری پر کام کی رفتار اطمینان بخش ہے اور وزیراعلی نے ہدایت کی کہ منصوبے کے روٹ پر سولر انرجی سے چلنے والی لائٹس لگانے کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی کوکلمہ چوک انڈر پاس کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

مزیدخبریں