لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تبلیغی اجتماع کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک اور صفائی کے شاندار انتظامات کرنے پر انتظامیہ اور پولیس حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع کے دوران ہر طرح سے فول پروف انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ، لاہور ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کی سکیورٹی یقینی بنانے پر پولیس حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کو سہولیات کی فراہمی پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیا ہے۔