گال (اے پی پی) سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کر برتری حاصل کر لی، ٹیسٹ کا فیصلہ تیسرے روز ہی ہو گیا، کیوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رنگنا ہیراتھ نے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، آئی لینڈرز نے 93 رنز کا آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے دیمتھ کرونارتنے نے نصف سنچری سکور کی، رنگنا ہیراتھ کو میچ میں 11 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پیر کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 35 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث 118 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، ڈینیئل فلین 20 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، مارٹن گپٹل 13 ، کین ولیمسن 10 ، کپتان روس ٹیلر 18 ، جیمز فرینکلن 2 ، ڈگ بریسویل صفر، ٹم ساﺅدی 16 ، جیتن پاٹیل صفر اور ٹرینٹ بولٹ 13 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، کرگر وان ویک 13 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیراتھ سب سے کامیاب باﺅلر رہے انہوں نے 43 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، نوان کلاسیکرا اور سورج رندیو نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 26 رنز خسارے میں جانے کے بعد نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لئے 93 رنز کا ہدف دیا جو میزبان سائیڈ نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے دیمتھ کرونارتنے نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
، واضح رہے کہ وہ پہلی اننگز میں صفر پر آﺅٹ ہوگئے تھے، تھرنگا پراناویتانا نے 31 رنز بنائے، رنگنا ہیراتھ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔