سندھ ہائیکورٹ نے موٹرسائیکل پرپابندی کی درخواست مسترد کردی. کراچی میں موٹرسائیکل پرپابندی نہیں لگائی جاسکتی۔ سندھ ہائیکورٹ

Nov 20, 2012 | 11:40

سندھ ہائیکورٹ میں موٹرسائیکل پرپابندی سے متعلق درخواست کی سماعت چیف جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی، سماعت کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ وسیم احمد اورایڈووکیٹ جنرل سندھ عبدالفتاح ملک سمیت دیگرعہدیدارعدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظرگیارہ محرم الحرام تک موٹرسائیکل پرپابندی عائد کی جائے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ عبدالفتاح ملک نے بیان دیا کہ اٹھارہ نومبر کو عباس ٹاؤن میں موٹرسائیکل کے ذریعے دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد جاں بحق ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اطلاعات ہیں کہ موٹر سائیکل کے ذریعے شہرمیں تخریبی کارروائیاں کی جاسکتی ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت سندھ کو ضرورت پڑنے پر کراچی میں موٹرسائیکل پرپابندی لگانے کی اجازت دی جائے، جس پرسندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ پورے شہرمیں موٹرسائیکل پرپابندی عائد نہیں کی جاسکتی، صرف مخصوص جگہوں پرہی موٹرسائیکل پرپابندی لگائی جاسکتی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ عام تعطیل کے دن موٹرسائیکل پرپابندی لگائی جاسکتی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے موٹرسائیکل پرپابندی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں