لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا۔ تربیتی کیمپ کے پہلے روز طلب کئے گئے تمام 29 کھلاڑیوں نے رپور ٹ کردی۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ منظور الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ دورہ آسٹریلیا اور جاپان میں ہونے ایشین چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کا جائزہ لینے کے بعد 26 نومبر کو ورلڈ کپ کیلئے حتمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ ٹیم کے کوچ دانش کلیم کا کہنا تھاکہ تمام کھلاڑی ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی سے قوم کو خوشخبری دینے کیلئے پر امید ہیں ، تربیتی کیمپ میں پنلٹی کارنر کے دفاع اور گول کرنے کی صلاحیت میں اضافے کیلئے بھرپور محنت جاری ہے ۔ جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں خامیوں پر قابو پانے کیلئے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو سخت محنت کی ضرورت ہے۔