لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ پاکستانی بلے بازوں کی تکنیک درست کرنا لازمی ہو گیا ، جنوبی افریقہ میں کامیابی کیلئے اس پہلو پر کام کرنا چاہئے،ڈیوواٹمور اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوگئے۔ چیف کوچ ڈیو واٹمور اپنے دور میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بری طرح سے ناکام رہے اورگزشتہ کئی ماہ سے پاکستان ٹیم کو درپیش یکساں نوعیت کے مسائل کے باوجود انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کامیابی نہیں مل سکی، اب وقت آگیا ہے کہ ان کی جگہ کسی اور کو آزمایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اچھی امیدوں سے بہتر نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے بلکہ اس کیلئے ڈیو واٹمور کو قومی بیٹسمینوں کی خامیوں کو دور کرنا پڑے گا۔ پی سی بی میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیوں کے بغیر ٹیم کی کارکردگی کو بہتر کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔