میرعلی (اے این این) شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں خود کش دھماکے میں طالبان کمانڈر سیف الدین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تحصیل میر علی میں ایک خود کش حملہ آور نے اپنی کار طالبان کمانڈر سیف الدین کے پک اپ ٹرک سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں طالبان کمانڈر سیف الدین سمیت 4 افراد موقع پر مارے گئے اور تین زخمی ہوئے ۔دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں تینوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جس سے خودکش دھماکے میں مرنے والوں کی تعدادبڑھ کر 7 ہوگئی ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق نجی ٹی و یکا کہنا ہے کالعدم تحریک طالبن ایف آر بنوں کا امیر مولوی سیف الدین اپنی گاڑی میں دو محافظوں سمیت میران شاہ کے علاقے حیسور سے آ رہا تھا کہ میر علی کے علاقے موسکی میں ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ان کی گاڑی سے ٹکرا دی۔ دھماکے میں مولوی سیف الدین اور اس کے دو محافظ موقع پر ہی مارے گئے۔ کالعدم تحریک طالبان ذرائع کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا۔