کوہاٹ: کرفیو میں 3 گھنٹے کی نرمی‘ 5 ملزم گرفتار‘ 2 پولیس اہلکار سپرد خاک

Nov 20, 2013

کوہاٹ (ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) کوہاٹ اور ہنگو میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر فوج دوسرے روز بھی تعینات رہی۔ کرفیو میں 3 گھنٹے کی نرمی کی گئی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے پانچ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ضلع میں امن وامان کے قیام کیلئے 26 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری بھی شہر کے مختلف مقامات پر تعینات رہی۔ فائرنگ میں جاں بحق دو پولیس اہلکاروں کو سپردخاک کردیا گیا۔ پولیس نے کوہاٹ فائرنگ کے5  ملزمان گرفتارکرلئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 7 رائفلیں، ایک مشین گن اور 3پستول برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان میں عابد، حیدر، غضنفر اورمیرم  شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔آئی جی پولیس نے کوہاٹ فائرنگ کی فوٹیج حاصل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے آفس میں کرفیو کی صورتحال پر جرگہ ہوا۔ جس میں شہر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ امن وامان کی بحالی کیلئے فریقین نے انتظامیہ کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ جرگہ کامیاب ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے گذشتہ روز 3 بجے دوپہر سے 6 بجے تک کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر حالات سازگار رہے تو آج بدھ کو کرفیو مکمل طور پر اٹھا لیا جائیگا۔

مزیدخبریں