اسلام آباد (این این آئی) راولپنڈی کے بعد دارالحکومت میں امن برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور اس کی سپیشل برانچ نے 63 عبادت گاہوں اور 33 علماء کی نگرانی شروع کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سپیشل برانچ اور پولیس کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار ان مقامات کے اندر اور اطراف نگرانی کے لیے تعینات ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے 48 عبادت گاہیں اپنی حدود میں مدرسے بھی چلاتی ہیں۔ 89 مدرسے بریلوی مسلک، 199 دیوبند، 10 اہلحدیث اور 7 شیعہ مسلک کے ہیں۔ ان مدرسوں کے 843 اساتذہ، 29380 طالب علم فاٹا، آزاد و جموں کشمیر، خیبر پی کے اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔ 33 مذہبی شخصیات کی بھی نگرانی جاری ہے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے فورتھ شیڈول کے تحت 23 علماء پہلے ہی واچ لسٹ پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ دس ایسے علماء جو فرقہ ورانہ تناؤ پیدا کرنے کی وجہ بن سکتے ہیں کی بھی نگرانی ہو رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس اور سپیشل برانچ نے عبادت گاہوں اور علماء کی نگرانی شروع کر دی
Nov 20, 2013