لاہور ( خبر نگار) انڈیا پاکستان سولجرز انیشی ایٹیو فار پیس کے زیر اہتمام پاکستان اور بھارت کے ریٹائرڈ فوجی افسروں کی کانفرنس 24 نومبر کو نئی دہلی میں شروع ہوگی۔ پاکستان کے 23 سینئر و ریٹائرڈ آرمی افسران پر مشتمل ایک وفد کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ کانفرنس میں بھارتی قیادت سے یہ مطالبہ کیا جائیگا کہ وہ امن کی کوششوں کو آگے بڑھائے۔ یہ میٹنگ 3 دسمبر کو ختم ہوگی۔وفد کی قیادت پاک فوج کے سابق ایڈجوئنٹ جنرل اور سابق کور کمانڈر لاہور جنرل (ر) ہمایوں بنگش کر رہے ہیں۔ وفد میں شامل دیگر افسران میں ائروائس مارشل حامد خواجہ‘ میجر جنرل محمد منشائ‘ 6 سینئر بریگیڈئر حضرات اور پاک بھارت سولجرز پیس اینی شی ایٹیو پیس کے سیکرٹری جنرل کرنل طاہر کاردار شامل ہیں جبکہ وفد میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ وفد پاکستان، بھارت سولجرز اینی شی ایٹیو فارپیس کے سلسلہ میں بھارت جا رہا ہے۔ وفد بھارت میں 8 دن قیام کریگا اور چندی گڑھ اور شملہ میں ایک ایک اور دہلی میں دو سیمیناروں میں شرکت کریگا۔