لاہور(نامہ نگار) لاہور میں لاری اڈہ کے قریب فائرنگ سے پنجاب سمال انڈسٹریزکے ڈائریکٹرفنانس ریاض احمد پاشا زخمی ہوگئے جنہیں گنگارام ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ریاض احمد پاشا روزانہ گوجرانوالہ سے لاہورآتے تھے اور معمول کے مطابق بدھ کو لاری اڈہ کے قریب گاڑی سے اْترے ہی تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اْن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کردیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ریاض احمد پاشا کے پاؤں پر گولیاں لگی ہیں اوراْن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ ریاض پاشا کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد صورتحال واضح ہوگی تاہم ابتدائی شواہد سے محسوس ہوتاہے کہ کسی نے اْنہیں ڈرانے دھمکانے کے لیے فائرنگ کی کیونکہ گولیاں جسم کے اوپری حصے میں بھی ماری جا سکتی تھیں۔