دھرنوں سے قیمتی وقت ضائع ہوا، ترقی کے دشمن مفادات کی سیاست کر رہے ہیں: شہباز شریف

Nov 20, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ دھرنا دینے والوں کو عوام کا کوئی خیال ہے نہ ملک کا۔ ملک و قوم کی خوشحالی کے دشمن صرف ذاتی مفادات کی خاطر ضد اور انا کی سیاست کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق رکن اسمبلی رانا مبشر اقبال اور دیگر منتخب ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے اور نیک نیتی سے عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ دھرنا دینے والوں نے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ دھرنے والوں نے کن مقاصد کی تکمیل کیلئے عالمی شخصیات کے دوروں کو ملتوی کرایا۔ چین کے صدر کا انتہائی اہم دورہ ملتوی ہونے سے بجلی کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے اور حکومت کی گذشتہ ڈیڑھ برس کی خدمت خلق کی سیاست اور شاندار کارکردگی کی بنا پر دھرنوں کی سیاست بری طرح ناکام ہوئی ہے اور عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ حکومت نئے عزم کے ساتھ معاشی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے۔ ہمارے ارادے مضبوط، نیت صاف اور سمت درست ہے، یہی وجہ ہے کہ 18 کروڑ عوام نے دھرنا سیاست سے لاتعلقی ظاہر کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ملک انتشار یا احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا بلکہ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کے کامیاب ترین حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے مابین کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے طے پائے ہیں۔ ان منصوبوں کو تیزرفتاری سے اور نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے توانائی کے بحران کا خاتمہ ہوگا۔ رانا مبشر اقبال نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے گزشتہ روز اسلام آباد میںملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاک افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امن کے دشمنوں سے برسرپیکار ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ حکومت آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونیوالے شمالی وزیرستان کے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ شمالی وزیرستان کے نقل مکانی پر مجبور ہونیوالوں نے پاکستان کے استحکام کیلئے بڑی قربانی دی ہے۔ آئی ڈی پیز پاکستان کے امن اوراستحکام کیلئے مصائب برداشت کر رہے ہیں۔ یہ وقت انتشار کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے اور سیاسی جماعتوں کے قائدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے تناظر میں باہمی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کریں۔ مزید براں شہباز شریف سے گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی اور سیلاب زدگان کی مدد کیلئے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں پاک عرب ریفائنری کی جانب سے 5کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آنے والوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ سیلاب زدگان کے لئے 16ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا گیا ہے۔ سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل نہایت شفاف طریقے سے جاری ہے۔ سیلاب متاثرہ آخری خاندان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز برطانیہ کے ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے کنٹری ہیڈ رچرڈ منٹگمری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیفڈ کے تعاون سے پنجاب میں جاری سکل ڈویلپمنٹ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری پروگرام پر بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جامع اصلاحات لا رہے ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے ڈیفڈ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ پروگرامج بھی کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب ہیلتھ ریفارمز میپ کے تحت صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ رچرڈ منٹگمری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں تعلیم اور صحت کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

مزیدخبریں