دوسرا حملہ بھی ناکام ہو گا، حکومت مدت پوری کریگی، عمران روتے رہیں گے: پرویز رشید

Nov 20, 2014

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 30 نومبر کو پاکستان پر ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو ناکام ہو گی، حکومت 5 سال پورے کرے گی اور عمران خان صرف روتے رہیں گے، لندن پلان وزیراعظم نوازشریف اور آصف زرداری نے نہیں بلکہ عمران خان اور طاہرالقادری نے بنایا ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت دکھ سکھ میں عوام کے ساتھ کھڑی رہتی ہے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف کا کام اس کے برعکس ہے۔ عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں پرویز رشید نے کہا حکومت سکون سے کام کرتی رہے گی،آج تک وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کی ذات کے بارے میں کوئی بات نہیں کی، شریف برادران نے آج تک عمران خان کی ذاتی زندگی پر ایک لفظ بھی نہیں کہا، عمران خان کی بدزبانی اور بہتان کی انتہاء پر بھی نواز شریف نے عمران خان کو کبھی جواب تک نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران روتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی کا خوف عمران کے چہرے پر عیاں ہے وہ ملک میں اندھیرا کر کے اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں