اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دھرنے والے ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن انکی یہ کوشش ناکام ہوگی۔ اپنے دورحکومت میں بجلی بحران ختم کرکے دم لیں گے۔ اگلے ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید خاطر خواہ کمی ہوگی۔ مہنگائی کی کمر توڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اسلام آباد میں توانائی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، دھرنے والوں کی خواہش ہے کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہو لیکن ہم توانائی بحران ختم کرکے دم لیں گے۔ ہماری حکومتی مدت میں ہی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائیگی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہی قوم کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر بہت دکھ ہوا لیکن دورہ چین کے دوران طے پانیوالے 19 معاہدے خطے کی تقدیر بدل دیں گے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے بہت خوشی ہوئی اور اس سے عوام کو ریلیف ملا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں اور تیل کی قیمتیں آئندہ ماہ بھی کم کریں گے جبکہ حکومت کسانوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرایوں میں کمی ہوئی ہے، اگلے ماہ بھی کمی واقع ہوگی، بجلی بھی سستی ہو گی۔ اس کا بے پناہ فائدہ عوام کو ہوگا۔ اس سے قبل اجلاس میں توانائی کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ توانائی کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسحاق ڈار کو کہا ہے کہ فوری طور پر کسانوں کی مدد کریں۔ کسانوں کی پریشانیاں کم کرنے کیلئے ترجیحی اقدامات کررہے ہیں۔ بین الاقوامی منڈی میں چاول کی قیمت کم ہونے کا اثر پاکستان پر بھی پڑا۔ وزیر خزانہ اور وزارت زراعت کو چاول کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ زرعی پیداوار کیلئے لاگت کم کرنا ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ کسان کی پیداواری لاگت کم ہونے سے اجناس اور سبزیاں سستی ہونگی۔